کراچی: گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

Last Updated On 11 June,2019 03:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب فائرنگ سے ملیر جعفر طیار سوسائٹی کا رہائشی جاوید اقبال جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار مقتول جاوید اقبال کو گرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے مقتول کی بیٹی نے بیان دیا کہ رابعہ سٹی کے قریب ایک فائر ہوا اور والد موٹر سائیکل سے گر گئے، والد کو شدید زخمی حالت میں رکشہ میں ڈال کر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

مقتول کی بیٹی کے مطابق ان کی کسی سے کوئی دشمنی یا لین دین کا کوئی معاملہ نہیں تھا، مقتول کو گردن کے پچھلے حصے میں گولی لگی۔