سیالکوٹ: سنگدل باپ نے 5 بچوں کو زہر دیدیا، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

Last Updated On 28 July,2019 07:52 am

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) گھریلو جھگڑے پر سنگدل باپ نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کولڈڈرنک میں ملا کر بچوں کو پلا دیں، حالت تشویشناک ہونے پر اہل محلہ نے بچوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے ملزم گرفتار کر لیا۔

خون سفید ہو گیا، باپ نے گھریلو جھگڑے کا بدلہ معصوم بچوں کو موت کی نیند سلانے کی کوشش کی صورت میں لیا۔ سیالکوٹ میں سنگدل باپ کو نہ جانے کیا سوجھی، گھر میں ہونے والے جھگڑے سے ہوش کھو بیٹھا کہ خود اپنے بچوں کا قاتل بن بیٹھا، تاہم اتنی ہوش باقی تھی کہ گندم میں رکھنے والی چوہے مار گولیاں بچوں کے پسندیدہ کولڈ ڈرنک میں ملا کر دیں تاکہ ان کو شک نہ گزرے۔

حالت تشویشناک ہونے پر بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 5 کے 5 بچے موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی۔