کراچی: سٹریٹ کرمنلز کیخلاف کارروائیوں میں 3 ملزمان گرفتار، گھر سے تشدد زدہ لاش برآمد

Last Updated On 06 November,2019 08:54 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیوں کے دوران سٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان سے اسلحہ و منشیات سمیت مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ دوسری جانب میاں والی کالونی میں گھر سے ایک شخص کی لاش برآمد کر لی گئی۔

گلشن معمار میں پولیس نے منشیات فروش اور سٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیوں میں 3 ملزمان گرفتار کر لئے جبکہ ملزمان میں محمد علی فرید اور حمید شامل ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، منشیات، مسروقہ موبائل اور موٹر سائکل برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب شاہراہ فیصل پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران دو سٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کیا، ملزمان 70 سے زائد سٹریٹ کرائم اور گھروں میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، پولیس کے مطابق ملزمان میں صابر اور شاکر شامل ہیں۔ ملزمان سے مسروقہ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

ادھر کراچی کی میاں والی کالونی میں گھر سے تشدد زدہ مرد کی لاش برآمد ہوئی جس کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، لاش کی شناخت 35 سالہ شاہ زمان ولد احمد بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

۔