کراچی: خاتون کی پولیس سے بدتمیزی کا معاملہ، گاڑی کے مالک کو ڈھونڈ لیا گیا

Last Updated On 27 November,2019 05:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی ڈیفنس میں خاتون کی جانب سے ٹریفک پولیس اہلکار سے بدتمیزی کے معاملے پر پولیس نے گاڑی کے مالک کو ڈھونڈ لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گاڑی کا مالک نجی یونیورسٹی کا پروفیسر ہے۔ اس نے 2017ء میں گاڑی حیدر آباد کے شہری کو فروخت کر دی تھی۔ گاڑی کے مالک نے خاتون کو پہچانے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ایک خاتون نے ٹریفک کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی تھی اور موقع سے فرار ہو گئی تھی۔ پولیس نے اس خاتون کو سگنل توڑنے پر روکا تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک اہلکار خاتون کو کہہ رہا ہے کہ آپ نے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اس پر آپ (خاتون) کا چالان ہو گا۔ ٹریفک اہلکار نے بتایا کہ میرا نام نواز ہے اور آپ قانون کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ ساتھ بدتمیزی کر رہی ہیں۔

اسی دوران خاتون نے ٹریفک اہلکار کے ساتھ بدتمیزی کی اور انہیں دو ٹکے کا آدمی بھی بولا اور بدتمیزی والا روّیہ اپناتی رہی۔ سینئر ٹریفک اہلکار کو کہا کہ تمہاری طرح کے بڈھے میرے گھر پرکام کرتے ہیں۔ میں منہ توڑ دوں گی آپ کا۔

خاتون نے بدتمیزی کرتے ہوئے کہا کہ تمہیں اپنی گاڑی سے مار دیتی وہ زیادہ اچھا ہوتا، خاتون مسلسل پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دیتی رہی، پھرفرار ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون کی ٹریفک پولیس اہلکار کیساتھ بدتمیزی کی ویڈیو وائرل