سندھ میں ایک سال کے دوران غیرت کے نام پر 131 افراد قتل کیے گئے

Last Updated On 09 January,2020 07:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز)ایک سال کے دوران غیرت کے نام پر صوبہ سندھ میں 131 افراد کو قتل کیا گیا۔

محکمہ انسانی حقوق سندھ کی رپورٹ کے مطابق صرف ایک سال میں غیرت کے نام پرقتل کے 131 واقعات رپورٹ کیے گئے، گھریلو تشدد میں 25 خواتین نشانہ بنیں۔

ایک سال میں مختلف واقعات کے دوران 1074 مرد و خواتین قتل کر دیے گئے۔ 150 خواتین اور 482 مردوں کو قبائلی و ذاتی دشمنی پر قتل کیا گیا۔

محکمہ انسانی حقوق سندھ کی رپورٹ کے مطابق وارداتوں میں 13 بچے بھی جاں بحق ہوئے، جنسی زیادتی کے سندھ بھر میں 146 واقعات رپورٹ کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق 75 خواتین، 61 لڑکوں، 10 کمسن بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، 2019ء کے دوران سندھ بھر میں 74 خواتین، 30 مرد، 5 بچے لاپتہ یا اغوا ہوئے، 442 مرد و خواتین نے اپنے ہاتھوں زندگی کا خاتمہ کر لیا۔