لاہور: سفاک ماں کی نومولود کو مارنے کی کوشش خاکروب خاتون نے ناکام بنا دی

Last Updated On 14 January,2020 04:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سفاک ماں اپنے ہی بچے کی دشمن بن گئی۔ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے واش روم میں بچے کی پیدائش کے بعد سفاک والدہ نے پانی والی ٹینکی میں بچے کو مارنے کی کوشش کی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے واش روم میں ماں نے اپنےنومولود کو مارنے کی کوشش کی جسے خاکروب خاتون کی مدد سے ناکام بنا دیا گیا، ہسپتال میں موجود خاکروب خاتون نے واش روم میں خاتون کو دیکھتے ہوئے شور مچا ڈالا۔

خاکروب خاتون نے شور مچانے کے بعد گارڈز اورخاکروب خاتون نے واش روم میں موجود پانی والی ٹینکی سے بچہ برآمد کیا، نومولود بچے کو فوری طور پر ایمرجنسی وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا۔

ایم ایس کوٹ خواجہ سعید ہسپتال ڈاکٹر علی بھٹی کا کہنا ہے کہ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے، بچے کو وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تھانہ گجر پورہ میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے جبکہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ ڈاکٹر فہد خان کی مدعیت میں درج کرلیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مہوش نامی 18سالہ خاتون ہسپتال میں ڈلیوری کے لیے آئی، مریضہ کو ہسپتال کے سینٹری ورکرعلی اور ثوبیہ کےتعاون سے داخل کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے وارڈ کے واش روم کی فلش ٹینکی میں نومولود کو ڈالنے کی کوشش کی، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ،تاحال ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی۔
 

Advertisement