لاہور: ڈپٹی ڈائریکٹرواسا شاہد حفیظ مبینہ طور پر بیوی کے ہاتھوں قتل

Last Updated On 08 August,2020 04:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گھریلو جھگڑا ایک اور جان لے گیا، ڈپٹی ڈائریکٹرواسا شاہد حفیظ مبینہ طور پر بیوی کے ہاتھوں قتل ہو گئے، مقتول کے بھائی کی مدعیت میں بھابھی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گھریلو جھگڑے کا المناک انجام سامنے آ گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو واسا شاہد حفیظ کو جوہر ٹاؤن رہائش گاہ پر مبینہ طور پر بیوی نے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ مقتول کے بھائی محمد خالد کی مدعیت میں شاہد حفیظ کی بیوی شہلا اورایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق بھائی شاہد حفیظ اور ان کی بیوی شہلا میں اکثر جھگڑا رہتا، اسی وجہ سے بھائی نے دوسری شادی کی، بھائی نے فون پر بتایا کہ وہ شدید زخمی ہیں بھابھی شہلا نے کسی ساتھی سے مل کر بھائی شاہد حفیظ کو قتل کیا۔

مقتول شاہد حفیظ کے پڑوسی کا کہنا ہے کہ صبح 6 بجے پتہ چلا کہ شاہد حفیظ کو قتل کر دیا گیا، گولی چلنے کی آواز نہیں سنی لوگ بتا رہے ہیں کہ میاں بیوی میں جھگڑا ہوا تھا۔

ایس پی صدر سید غضنفر عباس شاہ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا ہے کہ جس پسٹل سے گولی چلائی گئی وہ شاہد حفیظ کی ذاتی ملکیت تھا، فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے، ایف آئی آر میں نامزد مقتول کی بیوی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کا واقعہ گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ ہے۔ تاہم مزید تحقیقات کی جارہی ہیں