کراچی: ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست منظور

Published On 11 September,2020 02:14 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی مقامی عدالت نے ڈاکٹر ماہا کیس میں قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست منظور کر لی۔

تفتیشی افسر نے دائر درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ماہا کو سر میں بائیں جانب گولی لگی اور دائیں جانب سے خارج ہوئی۔ ڈاکٹر نے رپورٹ غلط دی ہے لہٰذا مدعی مقدمہ کے مؤقف کی تصدیق کیلئے قبر کشائی، پوسٹ مارٹم اور مزید معائنے کی اجازت دی جائے۔

مقامی عدالت نے ڈاکٹر ماہا کیس میں قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہےکہ عدالت کو قبر کشائی پر کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت انویسٹی گیشن میں مداخلت نہیں کرسکتی لہذا استغاثہ قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہےکہ ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم قانون کے مطابق کیا جائے۔ 19اگست کو کراچی کے علاقے ڈیفنس سے لیڈی ڈاکٹر ماہا شاہ کی لاش ان کے گھر سے ملی تھی جس پرپولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ ڈاکٹر ماہا نے خود کو گولی مارکر خودکشی کی ہے۔