گوجرانوالہ: مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

Published On 21 March,2024 02:34 am

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق زیر حراست ملزم کو پولیس مال کی برآمدگی کیلئے لے جا رہی تھی کہ گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ دھلے کی حدود میں واقع عزیز کراس فلائی اوور پر گھات لگائے ساتھیوں نے ملزم کو چھڑانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: گوجرانوالہ: مزاحمت پر ڈاکوؤں نے بیوی کے سامنے شوہر کی جان لے لی

پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران زیر حراست ملزم ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا، ہلاک ڈاکو کی شناخت ابوبکر کے نام سے ہوئی، حملے کے بعد ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو ابوبکر نے چند روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر خاتون کے سامنے شوہر کو قتل کیا تھا، ملزم کی لاش قانونی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دی، پولیس نے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔