سری سانتھ کا منفی رویہ جوں کا توں برقرار

Last Updated On 19 September,2018 10:06 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ آئی پی ایل میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث سابق بھارتی کرکٹر سری سانتھ کا بگ باس سیزن 12 میں بھی منفی رویہ جوں کا توں برقرار ہے۔

بھارت میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا متنازع شو ’بگ باس سیزن 12‘ طویل انتظار کے بعد شروع ہوگیا ہے جہاں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات جوڑیوں کی صورت میں شو کا حصہ بنے ہوئی ہیں، جن میں آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے مرکزی کردار سری سانتھ بھی شامل ہیں۔

گیم کے دوسرے ہی دن سری سانتھ اپنے منفی رویے کی وجہ سے بگ باس کے گھر میں دیگر ساتھیوں سے جھگڑ پڑے، انہیں گیم کے قانون کے مطابق ایک کام دیا گیا جس کے لئے انہیں کچھ بولنے کا کہا گیا لیکن انہوں نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ جو کام 2 دن میں نہیں ہوا تو وہ 5 منٹ میں کیسے ہوگا۔

سری سانتھ نے اسی دوران شو میں شامل ایک لڑکی کے کردار پر تنقید کی جس پر لڑکی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ میری تربیت کے بارے میں چھوڑیں اور اپنے منفی رویے کی فکر کریں، جس پر سری سانتھ آگ بگولہ ہوگئے اور دیگر کھلاڑیوں کے لاکھ روکنے کے باوجود سری سانتھ شو چھوڑ کر چلے گئے۔