آرنلڈ شیوارزنیگر کا جلد پاکستان آنے کا عندیہ

Last Updated On 04 December,2018 09:26 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) ہالی وڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار آرنلڈ شوارزنیگر کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کا جلد دورہ کریں گے۔ یہ بات وزیراعظم كے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملك امین اسلم نے ہالی وڈ سٹار سے ملاقات کے بعد اپنے ٹویٹر پیغام میں کہی.

ملك امین اسلم جو كہ ماحولیاتی تبدیلی كے حوالے سے ہونے والی ’عالمی کانفرنس آف پارٹیز24‘ میں شركت كے لیے پولینڈ میں موجود ہیں، انہوں نے اپنے ٹویٹراكاؤنٹ پرہالی وڈ اداكارآرنلڈ شوار زنیگر كے ساتھ اپنی تصویر جاری كی اور لكھا كہ آرنلڈ شوار زنیگرموسمیاتی تبدیلیوں كے پاكستان پر منفی اثرات كے حوالے سے شعور اجاگر كرنے كے لیے پاكستان كا دورہ كریں گے۔

آرنلڈ شوارزنیگر پہلے بنیادی طور پر باڈی بلڈر کے طور پر مشہور ہوئے تاہم ہالی وڈ میں اپنے غیرمعمولی کام کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل کی جب کہ ٹرمنیٹر فلموں سے انہیں بہت مقبولیت ملی اس کے علاوہ پریڈیٹر، ٹرولائز، کونان دی باربیریئن بھی ان کی مشہور فلموں میں شامل ہیں۔ شوارزنیگر 2003 سے 2011 کے درمیان کیلی فورنیا کے گورنر بھی رہے اور اب وہ آب وہوا میں تبدیلی کے خلاف ایک مؤثر آواز بھی بن چکے ہیں۔