ارون دئے سنگھ طلاق کی خبروں کی وجہ سے سرخیوں میں

Last Updated On 05 June,2019 07:13 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار ارون دئے نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعہ لکھا کہ ہم محبت میں اچھے تھے لیکن اصلیت کا سامنا نہیں کر پائے۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار ارون دئے سنگھ طلاق کی خبروں کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اپنی اہلیہ لی این ایلٹن سے طلاق لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق ارون دئے سنگھ بھوپال ضلع کورٹ میں طلاق کیلئے درخواست بھی داخل کر چکے ہیں۔ دونوں نے 2016ء میں شادی کی تھی۔ ان کی لو سٹوری کی شروعات گوا سے ہوئی تھی۔

سال 2013 میں ارون دئے آشیانہ یوگ ریٹریٹ میں ایک پروگرام کیلئے گئے ہوئے تھے، لی بھی وہیں قیام پذیر تھیں۔ ارون دئے نے ایک انٹرویو میں اپنی لو سٹوری بتائی اور کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے ملتے ہی لگا کہ کوئی رابطہ ہے لیکن میں اس طرح کے ریلیشن میں ایسے ریٹریٹ پر نہیں پڑنا چاہتا تھا تو ہم اچھے دوست بن گئے اور ہمیشہ رابطے میں رہے۔

لی اکثر گوا آتی رہتی تھیں، اس وجہ سے ان کی ملاقاتیں ہوتی رہیں۔ ان کی دوستی اتنی گہری ہو گئی ہے کہ آخر میں دونوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا اور تقریبا تین سالوں تک ڈیٹ کرنے کے بعد 2016ء میں شادی کرلی لیکن اب ان کے رشتے میں کچھ پریشانیاں ہیں، تبھی انہوں نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ارون دئے نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اپنے دل کی بات سب کے سامنے رکھی۔ انہوں نے لکھا کہ ہم محبت میں اچھے تھے ، لیکن ہم اصلیت کا سامنا نہیں کر پائے۔ ہماری سبھی کوششوں، پروفیشنل بات چیت اور الگ رہنے کی کوشش کے باوجود کچھ بھی ایسا نہیں لگتا ہے کہ جس نے ہمارے درمیان اختلافات کو ختم یا کم کرنے میں مدد کی ہو۔

انہوں نے لکھا کہ سمجھداری یہی ہے کہ اب ہمیں آگے بڑھ جانا چاہیے، مجھے لگتا ہے کہ ہم دونوں کچھ بہتر کے حقدار ہیں۔ ہم اس کو پوری عزت واحترام کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کریں گے۔