عامر اور سیف علی ایک مرتبہ پھر فلم میں ساتھ کام کرنے کیلئے تیار

Last Updated On 03 August,2019 05:48 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) اداکار عامر خان اپنی نئی فلم میں دیرینہ دوست سیف علی خان کیساتھ ایک بار پھر جلوہ گر ہونگے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ باز گشت چل رہی ہیں کہ ماضی کے دونوں سپر ہیرو دوبارہ ایک فلم میں اکٹھے کام کرتے نظر آئیں گے۔ فلم کا نام سامنے نہیں آیا تاہم تامل فلم کے ریمیکس میں دونوں کردار ادا کریں گے۔’مسٹر پرفیکٹ‘ ولن کا کردار ادا کرینگے۔ سیف علی خان پولیس والے کا کردار ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ سیف علی خان اور عامر خان فلم ’دل چاہتا ہے‘ میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔

عامر خان اپنی نئی فلم لال سنگھ چھڈا کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں ہیروئن کا کردار سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور کرتی نظر آئینگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فلم آئندہ سال مارچ میں ریلیز ہو گی۔

دوسری طرف اداکار سیف علی خان اپنی آنیوالی فلم ’’سیکرڈ گیمز‘‘ کی کامیابی بہت پر جوش ہیں۔ اداکار کے مطابق ڈیجیٹل دنیا میں آنے کا فیصلہ اب تک کا سب سے اچھا قدم تھا لیکن بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکٹ‘ یعنی عامر خان کو اس کے متعلق بہت سارے سوالات تھے۔

سیف نے عامر کے سوالات کے بارے میں بتایا کہ میں ہمیشہ ان کی رائے کا احترام کرتا ہوں اور جہاں تک فلم کا سوال ہے میں ان کا مداح ہوں۔ انھوں نے مجھے پیغام بھیجا کہ مجھ سے بات کرنا چاہتے ہیں، اس لیے میں نے فون کیا تو انھوں نے پوچھا کہ یہ ترویدی کون ہے، کیا وہ مر گیا، کیا ہوا۔ اس قسم کے بہت سارے سوالات تھے جس کے جواب میں نہیں دے سکا۔

یاد رہے کہ عامر خان سیکرڈ گیمز دیکھ رہے تھے ان کے سامنے یہ سارے سوالات ابھرے اور انھوں نے براہ راست سیف علی خان سے رابطہ کیا لیکن ان کے ہاتھ مایوسی لگی۔

کرینہ کپور کے شوہر کا کہنا تھا کہ یہاں بالکل مختلف رفتار ہے ٹون اور ایکٹنگ بھی مختلف ہے یعنی آپ کے زیادہ اندر کے احساس کو باہر لانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ آپ کو کیمرے پر بھروسہ کرنا ہوگا کہ اگر آپ کے اندر جذبات ابل رہے ہیں تو وہ اس کی درست طریقے سے عکاسی کرے گا۔ سیکرڈ گیمز میں ان کے ساتھ نواز الدین صدیقی، پنکج ترپاٹھی، کالکی کوچلن اور رنویر شوری وغیرہ شامل ہیں۔