پی آئی اے کی بد انتظامی ناقابل معافی ہے: اداکارہ ماہرہ خان

Last Updated On 05 June,2020 06:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری اور ڈراموں کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی بد انتظامی ناقابل معافی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی بد قسمت پرواز پی کے 8303 میں اپنے خاندان کو کھو دینے والے زین پولانی کے بھائی کمیل پولانی نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا جس میں انھوں نے اداروں کی کارکردگی کی نااہلی کے بارے بتایا۔

کمیل پولانی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ زین پولانی کے دو بچوں کی نماز جنازہ اور تدفین ہو گئی ہے جب کہ ان کے ایک بچے کی لاش حکام کی نااہلی کے باعث 11 دن قبل کسی اور خاندان کے سپرد کر دی گئی تھی جسے اس خاندان نے دفنا بھی دیا۔

کمیل پولانی نے اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان، پی آئی اے اور سندھ حکومت کے ترجمان سینیٹر مرتضیٰ وہاب کو ٹیگ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم اس معاملے پر سخت تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

دوسری طرف کمیل پولانی کے ٹوئٹ پر اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اداکارہ ماہرہ خان نے لکھا کہ پی آئی اے کی بد انتظامی نا قابل معافی ہے، یہ لواحقین کے خاندان کے لیے کبھی نہ ختم ہونے والا بھیانک خواب ہے۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز لینڈنگ کے دوران آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے کے 8 ارکان سمیت 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔
 

Advertisement