پی ایس ایل میں حلیمہ سلطان کی بجائے انجلینا جولی کو برانڈ ایمبیسیڈر بنایا جائے: یاسر حسین

Last Updated On 20 July,2020 05:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چند روز قبل ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کی ہیروئن اسریٰ بلجک (حلیمہ سلطان) پر تنقید کرنے والے اداکار یاسر حسین نے ترک اداکارہ کی بجائے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی میں اداکارہ انجلینا جولی کو برانڈ ایمبیسیڈر بنانے کی تجویز دے دی۔

تفصیلات کے مطابق یاسر حسین کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو ابتدا ہی سے ترک ڈراما ’’ارطغرل غازی‘‘ کو پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کرنے کے مخالف ہیں۔

چند روز قبل جب معروف پاکستانی موبائل کمپنی نے ترک اداکارہ اسریٰ بلجک (حلیمہ سلطان) کو اپنا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا تھا تو یاسر حسین نے پاکستانی فنکاراؤں کی جگہ غیر ملکی اداکارہ کو ایمبیسیڈر بنانے پر شدید تنقید کی تھی اور اب انہوں نے اسریٰ بلجک کو پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کی بھی مخالفت کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یاسر حسین کے تنقیدی نشتر، آغا علی ترک اداکارہ اسریٰ بلجک کے حق میں سامنے آ گئے

یاسر حسین کی جانب سے ترک ڈرامے اور ترک فنکاروں پر کی جانے والی تنقید نے سوشل میڈیا پر بھی ایک طوفان کھڑا کردیا ہے۔

اس حوالے سے وی جے انوشے اشرف نے یاسر حسین سے حال ہی میں انسٹاگرام پر بات کی اور ان سے ترک ڈرامے اور ترک فنکاروں کی مخالفت کرنےکی وجہ پوچھی تو یاسرحسین نے کہا کہ موبائل کمپنی کی برانڈ ایمبیسیڈر بن کر ترک اداکارہ نے جو پیسے کمائے دراصل ان پیسوں پر ہماری اداکاراؤں کا حق ہے۔

یاسر حسین نے کہا کہ ترک اداکارہ پاکستان آئے، یہاں ایک سال کام کرے، محنت کرے جس طرح ہماری اداکارائیں کرتی ہیں اس کے بعد انہیں پاکستانی برانڈ کا ایمبیسیڈر مقرر کیا جائے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر ترک اداکارہ پاکستان آکر کام کرتی ہیں تو میں ان کے سیٹ پر جاکر انہیں کھانا بھی کھلاؤں گا اور ان کے ساتھ تصویر بھی کھنچواؤں گا۔ لیکن میں پاکستانی کرکٹ لیگ پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر میں اپنے لوگوں کو دیکھنا چاہتا ہوں۔

انوشے اشرف نے یاسر حسین کی اس بات پر کہا کہ پی ایس ایل میں انٹرنیشنل کھلاڑی بھی تو کھیلتے ہیں تو اس کی برانڈ ایمبیسیڈر ایک انٹرنیشنل فنکارہ کیوں نہیں ہوسکتی؟ جس پر یاسر حسین نے کہا کہ وہ گیم ہی انٹرنیشنل کرکٹرز کی ہے جب وہ لوگ یہاں آتے ہیں تو ہمارے کھلاڑیوں کو سیکھاتے ہیں ہمیں اس سے فائدہ ہوتا ہے۔ لیکن حلیمہ کو اسٹار ہی ہم نے بنایا ہے لہذٰا حلیمہ سلطان کو پی ایس ایل کا برانڈ ایمبیسیڈر بناکر ہمیں بین الاقوامی طور پر کیا فائدہ ہورہا ہے۔ حلیمہ کی جگہ انجلینا جولی کو لائیں اور اس کے بعد ہماری کرکٹ امریکا میں دیکھی جائے تو ہمیں فائدہ ہے۔

یاسر حسین کے اس انٹرویو پر لوگوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اسریٰ بلجک کو سٹار نہیں بنایا وہ پہلے ہی ایک بہت بڑی سٹار ہے اس کا ڈرامہ 160 ملکوں میں دکھائے جانے کے بعد پاکستان میں دکھایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے پاکستان میں ترک ڈرامے کی مقبولیت کے پیش نظر ڈرامے کی ہیروئن اسریٰ بلجک کو پشاورزلمی کا برانڈ ایمبیسیڈر بنانے کا عندیہ دیا تھا۔