موسم سرما کے دوران ایک بار پھر کورونا وباء زور پکڑ سکتی ہے: امریکی محکمہ صحت

Last Updated On 21 May,2020 08:59 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ صحت کے عہدیدار کے مطابق امریکا میں اس برس موسم سرما کے دوران ایک بار پھر کورونا کی وبا زور پکڑ سکتی ہے۔

امریکی محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیدار کا فنانشل ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا کے اس جنوبی نصف کرہ میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس موسم خزاں اور موسم سرما میں امریکہ میں وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا امکان ہے۔

رابرٹ ریڈفیلڈ کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس وبا کو ٹریس کرنے کی صلاحیت کو آنے والے چند ماہ میں تیزی سے بڑھانا ہو گا تاکہ ایک اور صحت کے بحران سے بچا جا سکے جب عوام میں کورونا اور موسمی فلو ایک ساتھ ہوں گے۔

امریکی محکمہ صحت کے سنٹر برائے ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے سامنے آیسے شواہد ہیں جس سے تشویش بڑھتی ہے اور موسم سرما میں اس خطے میں اس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، جیسا کہ فلو اور اس کی علامات ایک جیسی ہو جائے گی، آپ دیکھ رہے ہیں کہ برازیل میں کیا ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ امریکا میں دنیا میں سب سے زیادہ کورونا کے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے اور سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔