بہتر نیند کیلئے ہفتے میں دو بار ورزش کرنا مددگار ثابت

Published On 09 April,2024 08:57 am

نیویارک : (ویب ڈیسک ) ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ہفتے میں صرف دو بار ورزش کرنے سے نہ صرف مجموعی طور پر صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ نیند کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماضی میں ہونے والی متعدد تحقیقات میں وزرش کو امراض قلب، ذیابیطس، موٹاپے، جوڑوں کے درد، ہائی بلڈ پریشر سمیت دیگر بیماریوں اور مسائل کو کم کرنے کا سبب قرار دیا جا چکا ہے۔

تاہم اب تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ معمولی ورزش سے بے خوابی کے مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔

طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق آئس لینڈ کے ماہرین نے 400 کے قریب افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا ، ماہرین نے تمام افراد میں پائی جانے والی طبی پیچیدگیوں اور ان کی جانب سے کی جانے والی ورزش کا جائزہ لیا۔

ماہرین نے تمام رضاکاروں میں 10 سال کے اندر ہونے والی تبدیلیوں اور طبی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا اور نتیجہ اخذ کیا کہ ہفتے میں دو بار ورزش کرنے والے افراد کی جہاں مجموعی صحت بہتر ہوئی، وہیں ان کی نیند میں بھی فرق آیا۔

ماہرین کے مطابق ہفتے میں دو بار ورزش کرنے سے بے خوابی کے مسائل میں 42 فیصد تک کمی آتی ہے ۔

نتائج کے مطابق ورزش کرنے والے افراد یومیہ رات کو 6 سے 9 گھنٹے تک پرسکون نیند کرنے کے اہل ہوجاتے ہیں جبکہ زیادہ ورزش کے مزید فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔

تحقیق میں ورزش کی وضاحت نہیں کی گئی، تاہم ماہرین نے بتایا کہ جسمانی ورزش کے زیادہ فوائد ہوتے ہیں، جس میں دوڑنا بھی شامل ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نیند نہ آنے کا مسئلہ دنیا کے کروڑوں افراد کو درپیش رہتا ہے، اندازے کے مطابق مجموعی طور دنیا کی 20 فیصد آبادی کو نیند کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں اور نیند نہ آنے کی کوئی ایک وجہ نہیں ہے۔
 

Advertisement