نون لیگ کے وزارت عظمیٰ کے اگلے امیدوار شہباز شریف ہوں گے: نواز شریف

Published On 20 Dec 2017 10:08 PM 

رائے ونڈ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ نون کا وزیر اعظم کا آئندہ امیدوار کون ہو گا؟ نواز شریف نے جاتی امراء کے اجلاس میں بڑا اعلان کر دیا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ نون کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ شہباز نے تیز رفتار ترقی کے ویژن سے خود کو منوایا، ان کی محنت اور کارکردگی کا تقاضا ہے کہ وہ مزید آگے آئیں۔ نواز شریف نے کہا کہ کسی ایشو پر اختلاف رائے شہباز شریف کا حق ہے مگر انہوں نے کبھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: عبوری وزیر اعظم کیلئے شاہد خاقان، مستقل کیلئے شہباز شریف کے نام کی توثیق

نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات نہ چاہتے ہوئے بھی چھوٹے بھائی کی بات ماننی پڑتی ہے تاہم، شہباز شریف نے تمام زندگی انہیں مایوس نہیں کیا اور نہ ہی وہ کبھی ان کے کسی عمل سے شرمندہ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف کو وزیراعظم نہ بنانیکا فیصلہ کیوں ہوا؟ 

 سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ صدر مسلم لیگ نون کے اس اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں سابق وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے مابین مبینہ اختلافات سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں دم توڑ جائیں گی اور اس کا پارٹی پر مجموعی طور پر مثبت اثر مرتب ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:  نااہلی کی تلوار لٹکتی رہی تو شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہونگے

واضح رہے کہ پانامہ کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد نواز شریف نے پہلے اعلان کیا تھا کہ ان کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 سے شہباز شریف الیکشن لڑ کر قومی اسمبلی میں پہنچیں گے اور پھر انہیں وزیر اعظم منتخب کرایا جائے گا لیکن بعد ازاں اس فیصلے کو تبدیل کرکے اعلان کیا گیا تھا کہ شاہد خاقان ہی موجودہ پارلیمانی مدت کے باقی ماندہ عرصے کیلئے وزیر اعظم رہیں گے جس کے بعد یہ افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ نواز شریف نے شہباز شریف سے اختلافات کے باعث اپنا فیصلہ تبدیل کیا ہے۔