اسلام آباد انتظامیہ کا طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں شامل کرانے پر غور

Published On 24 Dec 2017 04:25 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے طاہر القادری کو ٹف ٹائم دینے کی تیاری کر لی۔ عوامی تحریک کے سربراہ کے خلاف سنگین مقدمات ہیں جن کے سبب، ذرائع کے مطابق، اسلام آباد انتظامیہ نے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف درج 5 مقدمات اور عدالتی کارروائی کی رپورٹ بھی مرتب کر لی ہے۔ ان میں سے 3 مقدمات انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج ہیں اور انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت سے طاہر القادری کے دائمی وارنٹ بھی جاری ہو چکے ہیں۔ خصوصی عدالت نے طاہر القادری کی جائیداد بھی قرق کرنے کا حکم جاری کیا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران قادری ملاقات 26 دسمبر کو ہو گی

تاہم، طاہر القادری نے تاحال ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع نہیں کیا جس کے باعث ضلعی انتظامیہ نے طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، علامہ قادری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے جلد وزارت داخلہ سے رجوع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس مؤخر