لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان کی سربراہی میں منہاج القرآن سیکریٹریٹ آنے والے پاکستان تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات کے بعد طاہر القادری اور عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کی۔
ایک صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کیا آصف زرداری آپ کیساتھ بیٹھیں گے؟ عمران خان نے زوردار قہقہ لگایا، پھر بولے ہم کوئی سیاسی اتحاد نہیں بنا رہے ہیں، انسانی مسئلہ ہے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم انصاف مانگ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران قادری رابطہ، طاہرالقادری نے عمران کو تحریک قصاص سے متعلق آگاہ کیا
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القدری نے کہا کہ یقین سے کہتا ہوں کہ قتل عام نواز شریف کی مرضی کے بغیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے پھر وارننگ دی کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ مستعفی ہو جائیں کیونکہ ان کی موجودگی میں فیئر ٹرائل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ 30 دسمبر کی اے پی سی پر عمران خان سے مشاورت ہوئی، تحریک انصاف کے وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں، عمران خان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ اپنا سمجھ کر لڑا ہے اور عمران خان انصاف کے لئے ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد انتظامیہ کا طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں شامل کرانے پر غور
طاہر القادری نے بتایا کہ 31 دسمبر کو لائحہ عمل مشترکہ مشاورت سے اے پی سی میں طے کریں گے، سو فیصد یقین سے کہتا ہوں کہ قتل عام نواز شریف کی مرضی کے بغیر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی موجودگی میں فیئر ٹرائل نہیں ہو سکتا، باقر نجفی رپورٹ نے شہباز شریف کو ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے، کمیشن کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے جھوٹ بولا تھا، 45 تھانوں کی پولیس نے آپریشن میں حصہ لیا، صوبہ کے وزیر اعلیٰ کی اجازت کے بغیر اتنا بڑا آپریشن نہیں ہو سکتا۔
طاہر القادری نے مزید کہا کہ شہباز شریف بتائیں کہ کس نے حکم دیا اور کس نے لاشیں گرائیں، ساڑھے 3 سال رپورٹ پبلک کروانے میں لگ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن غیرجانبدار نہیں، نکالا تو نہیں کہوں گا، مجھے کیوں نکالا: عمران خان
طاہر القادری اور عمران خان کی مشترکہ نیوز کانفرنس میں بجلی غائب ہوئی تو گو نواز گو کے خوب نعرے لگے۔
طاہر القادری نے کہا کہ جان لیں! آپ کی معافی نہیں ہو گی، ایک بھائی پانامہ، دوسرا بھائی ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے جرم پر جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان طاہر القادری ملاقات 26 دسمبر کو ہو گی
اس موقع پر بات کرتے ہوئے عمران خان بولے، ٹی وی پر سب نے پولیس اور گلوبٹ کو ڈنڈے اور گولیاں چلاتے دیکھا، نہتے لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں، انصاف عوامی تحریک نہیں قوم کا مسئلہ ہے، نواز شریف دکھ بھری داستان سنا رہے ہیں، میاں صاحب خدا کے واسطے تحریک شروع کرو! انتظار کر رہے ہیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نکلیں گے تو ان کو انڈے پڑیں گے، ان کو اب کوئی نہیں بچا سکتا، ان کا دوست نریندر مودی بھی نہیں بچا سکتا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ شریف خاندان سیاست نہیں کرتا، یہ مافیا ہے، 30 سال سے شہباز شریف حکومت میں ہیں، کس انقلاب کی بات کر رہے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی میں جا کر کیا کروں؟ مک مکا کرنے والے بیٹھے ہیں۔