لاہور: (دنیا نیوز) این اے 120 کے علاقے سنت نگر میں دیو سماج روڈ پر ہندو کیمپ میں 1087 خاندانوں میں 99 سالہ لیز بحال کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے کیلئے رہنماء مسلم لیگ نون مریم نواز ہندو کیمپ پہنچیں۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی ماجد ظہور، ڈاکٹر فرزانہ نذیر، بلدیاتی نمائندے، سرگرم کارکنان اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ کیسی نااہلی ہے؟ نواز شریف نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں، کوئی پریس کانفرنس میاں صاحب کا نام لئے بغیر مکمل نہیں ہوتی، مخالفت میں اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کیسی نااہلی ہے کہ پورے ملک کی سیاست ان کے گرد گھومنے لگی ہے، آپس کے مخالفین اس بات پر اکٹھے ہو رہے ہیں کہ نواز شریف کو کیسے ہٹائیں۔
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ نیب کو مقدمے میں کچھ نہیں ملا، گواہوں کی باتیں سن کر ہنسی آتی ہے، گواہوں کو یہ بھی نہیں پتا کہ وہ کس چیز کی گواہی دینے آئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مخالفین بار بار سپریم کورٹ میں اپنا مؤقف بدلتے ہیں، عمران خان نے سپریم کورٹ میں بار بار مؤقف بدلا، عمران مانتا ہے کہ آف شور کمپنی اس کی ہے لیکن عدالت کہتی ہے نہیں، آپ کی نہیں، کبھی چوٹ، کبھی اکاؤنٹنٹ کی غلطی، باربار مؤقف بدلا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 20 کروڑ لوگوں کی رائے پر 2 یا 5 لوگ اپنا نظریہ مسلط نہیں کر سکتے: مریم نواز
نواز حکومت کی کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ نواز شریف نے عوام سے کئی وعدے پورے کئے، دن رات ایک کر کے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اور ڈوبتی معیشت کو سہارا دیا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ دلوں کے وزیر اعظم نے 4 سال لگن سے کام کیا، نواز شریف نے کراچی میں امن بحال کرایا اور چار سال سر نیچے کر کے دھرنے اور سازشیں برداشت کیں۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کی بے چینی تو دیکھو، بات کرنے کیلئے کوئی ایشو نہیں ملتا تو چھپتے پھرتے ہیں، نواز شریف نے عوام کی خاطر دن رات محنت کی اور ایک ایک وعدہ پورا کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سازشی مہروں کے پاس کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، مریم نواز
مریم نواز نے کارکنان سے کہا کہ وعدہ کرو، نواز شریف کی نئی جد و جہد میں ساتھ دو گے؟ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے مخالفین کی حیثیت ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں، نواز شریف 2018ء کا الیکشن بھی جیتیں گے۔
دریں اثناء، سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں ڈاکٹر طاہر القادری کی آل پارٹیز کانفرنس کو سازش قرار دے دیا۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) December 30, 2017
NA-120 today ! Thank you for your continued love and affection. pic.twitter.com/2aJql1pCEc
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) December 30, 2017