جسٹس دوست محمد کو ریٹائرمنٹ پر فُل کورٹ ریفرنس نہ دینے پر پشاور بار ناراض

Last Updated On 20 March,2018 08:09 pm

 

جسٹس دوست محمد کو فُل کورٹ ریفرنس نہ دینے کے معاملے پر چیف جسٹس ثاقب نثار سے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی نے ملاقات کی۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے فل کورٹ ریفرنس نہ دینے پر پشاور ہائیکورٹ بار کی ناراضی سے آگاہ کیا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کو حقائق سے آگاہ کرنے کیلئے خط لکھا جس میں کہا گیا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ جسٹس دوست محمد کیلئے فُل کورٹ کے انتظامات نہیں کئے گئے۔ جسٹس دوست محمد نے نجی ریفرنس کی بناء پر فُل کورٹ ریفرنس اور عشائیے میں شرکت سے معذوری ظاہر کی۔

چیف جسٹس، جسٹس آصف کھوسہ اور جسٹس اعجاز افضل نے جسٹس دوست محمد سے ملنے کا وقت مانگا، وقت مانگنے پر جسٹس دوست محمد نے چیف جسٹس کو چیمبر میں جا کر معذوری سے آگاہ کیا۔ چیف جسٹس نے جسٹس دوست محمد کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے جسٹس دوست محمد کو چائے پر مدعو کیا۔ جسٹس دوست محمد کے اعزاز میں سادہ اور پروقار الوداعی تقریب ہوئی۔ الوداعی تقریب میں جسٹس دوست محمد کو سوینئر اور شیلڈ پیش کی گئیں اور معزز ججز نے جسٹس دوست محمد کی خدمات کو سراہا۔

تقریب میں ججز نے جسٹس دوست محمد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس سمیت تمام ججز جسٹس دوست محمد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
 

Advertisement