پنجاب کمپنیز سکینڈل، کس افسرکو کتنی تنخواہ دی گئی؟

Last Updated On 24 March,2018 07:31 pm

دنیا نیوز کے مطابق کمپنیوں میں تعینات افسران کو 20 لاکھ روپے تک تنخواہیں دی گئیں۔ تین لاکھ تک ماہانہ مراعات، سرکاری رہائشگاہ اور الاؤنسز بھی ملے۔ سی ای او نیشنل تھرمل پاور کمپنی کی تنخواہ 20 لاکھ روپے، نالج پارک کے سی ای او کی تنخواہ 14 لاکھ روپے، صاف پانی کمپنی نارتھ کے سی ای او کی تنخواہ ساڑھے 13 لاکھ، سی ای او صاف پانی کمپنی ساؤتھ کی تنخواہ ساڑھے 13لاکھ اور سی ای او پنجاب اسکل ڈویلپمنٹ کمپنی کو 11 لاکھ روپے تنخواہ دی گئی۔

پنجاب اربن یونٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے سربراہ کی تنخواہ ساڑھے 6 لاکھ روپے، انجینئرنگ کنسلٹینسی سروس پرائیوٹ کمپنی کے سی ای او شہزاد رحمان کی تنخواہ ساڑھے 7 لاکھ ، پنجاب بورڈ آف انویسٹمینٹ اینڈ ٹریڈ کمپنی کے سی ای او جہانزیب بورانہ کی ماہانہ تنخواہ 8 لاکھ روپے جبکہ پنجاب ماڈل بازار کمپنی کے سی ای او ناصر رفیق ماہانہ 6 لاکھ روپے تنخواہ لے رہے ہیں۔

پاپولیشن فنڈمینجمنٹ کمپنی کے سی ای او جواد احمد ماہانہ 8 لاکھ، قائداعظم سولر پاور کمپنی کے سی ای او محمد امجد ماہانہ ساڑھے8 لاکھ اور پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن پنجاب کے سی ای او ڈاکٹر کامران شمس ماہانہ 6 لاکھ 87 ہزار روپے لے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس تنخواہ کے علاوہ تمام افسران کو مراعات کی مد میں سرکاری رہائشگاہ اور الاؤنسز بھی دیئے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب کی 50 کمپنیوں میں افسروں کی بھاری تنخواہوں اور مراعات کے معاملے کا از خود نوٹس لے لیا ہے اور چیف سیکرٹری پنجاب سے افسران کی مراعات کے حوالے سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔