نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر پہلی آزمائشی پرواز کی کامیاب لینڈنگ

Last Updated On 07 April,2018 06:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن کی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے اتر گئی ۔ پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرمشرف رسول نے بھی پہلی آزمائشی پرواز میں سفر کیا۔ پی آئی اے کی ائیر بس نے کچھ دیر بعد کامیابی سے ٹیک آف بھی کیا۔

قومی ائیر لائن کی کی ائیر بس پی کے 9001 دوپہر12.30 اسلام ائیر پورٹ سے اڑی اور 1 بجے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اتری۔ پرواز کی لینڈنگ کے وقت ائیرپورٹ کا تمام عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود رہا۔ کسٹم، اے ایس ایف، انٹی نارکوٹکس فورس کے افسران و اہلکاروں نے بھی اپنے فرائض انجام دئیے۔ مسافروں کو سیکورٹی چیک کے تمام مراحل سے گزارا گیا جس کے بعد تمام مسافر پی کے 9002 کے ذریعے واپس اسلام آباد ائیر پورٹ روانہ ہوئے۔

واضح رہے کہ دس سال کے طویل عرصے میں 90 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اسلام آباد کے نئے وسیع و عریض بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح رواں ماہ 20 اپریل کووزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے، یہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔ خیال رہے کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کو پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ قرار دیا جارہا ہے، جدید ترین سہولیات سے آراستہ اس ایئرپورٹ کیلئے 2 رن وے بھی بنائے گئے ہیں۔


نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے تین کلومیٹر سے زائد طویل ہے، جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے، اس رن وے پر دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔

 ایئرپورٹ کی تصویری جھکیاں:

 

 

Advertisement