امریکا پاکستان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتا ہے: عمران خان

Last Updated On 16 April,2018 03:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کا کہنا ہے امریکا پاکستان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتا ہے، ٹرمپ بھی پاکستان سے متعلق وہی کہہ رہے ہیں جو بھارت کہہ رہا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے روسی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا امریکا جو امداد دیتا ہے ، وہ ہمارے نقصانات کے سامنے کچھ بھی نہیں ، امریکی جنگ میں شرکت کے باعث کرکٹ ٹیموں نے پاکستان آنا چھوڑ دیا۔ انہون نے کہا افغانستان میں امن ہی ہمارے مفاد میں ہے، امریکا جنگ کے ذریعے افغانستان کے مسئلے کا حل چاہتاہے۔

عمران خان کا کہنا تھا پاکستان افغانستان میں امن و استحکام چاہتا ہے، افغانستان میں امن پاکستان کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا ڈونلڈٹرمپ افغانستان کی تاریخ نہیں سمجھ پا رہے ، افغانستان کا مسئلہ فوجی طاقت سے حل کرنے کا فارمولہ ناکام ہوگیا ، افغانستان کے مسئلےکاحل صرف مذاکرات ہیں۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کو معاشی بحران کا سامنا ہے ، امریکا کی جنگ میں شرکت سے ہمارا بڑا نقصان ہوا ہے۔