سینیٹ الیکشن اہلیت کیس میں اسحاق ڈار کا میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد

Last Updated On 24 April,2018 01:51 pm

اسحاق ڈار کدھر ہیں، انہیں لے آئیں، آپ نے ہمارا آخری حکمنامہ پڑھا ہے؟ چیف جسٹس کا اسحاق ڈار کے وکیل سے استفسار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن اہلیت کیس میں اسحاق ڈار کا میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کر دیا، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں عدالتی حکم خلاف ورزی کیلئے جاری نہیں کیا تھا، آٹھ بجے تک بیٹھے ہیں پوچھ کر بتائیں اسحاق ڈار کب آئیں گے۔

سپریم کورٹ میں اسحاق ڈار سینیٹ الیکشن اہلیت کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، چیف جسٹس نے اسحاق ڈار کے وکیل سلمان بٹ سے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار کدھر ہیں؟ انہیں لے آئیں، آپ نے ہمارا آخری حکمنامہ پڑھا ہے؟ سلمان بٹ نے بتایا کہ ان کے موکل بیمار ہیں، میڈیکل سرٹیفیکیٹ عدالت میں پیش کیا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اسحاق ڈار اتنے عرصے سے بیمار نہیں ہوسکتے، عدالتی حکم نامے میں انہیں ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا تھا، آٹھ بجے تک بیٹھے ہیں پوچھ کر بتائیں اسحاق ڈار کب آئیں گے، عدالتی حکم خلاف ورزی کیلئے جاری نہیں کیا تھا، اسحاق ڈار کو حفاظتی ضمانت بھی دے دیں گے، عدالت نے اسحاق ڈار کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ مسترد کرتے ہوئے اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق آگاہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

 

Advertisement