کوئٹہ میں دہشتگرد حملے، 5 اہلکار شہید، 7 زخمی

Last Updated On 24 April,2018 10:50 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) 2 دہشتگردوں نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میاں غنڈی میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جبکہ تیسرے حملہ آور نے پولیس وین کو نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی فورسز نے تینوں‌ دہشتگردوں‌ کو ہلاک کر دیا.

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ میں 3 خود کش بمباروں کے حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دو خود کش بمباروں نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میاں غنڈی میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جبکہ تیسرے حملہ آور نے ایئرپورٹ روڈ پر پولیس وین کو نشانہ بنایا۔ تاہم سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے تینوں دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ اس دہشتگرد حملے میں 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب دہشتگردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے خود کش حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب ہوا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں جانی نقصان پر افسوس اور غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
 

Advertisement