نارووال: (دنیا نیوز) لاہور کے سروسز ہسپتال میں وزیر داخلہ احسن اقبال کا آپریشن کامیابی سے مکمل کر کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ گولی بازو سے ہوتی ہوئی پیٹ میں پیوست ہوئی جس کی ایکسرے رپورٹ میں تصدیق ہوگئی۔
وزیرداخلہ کو وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی ہیلی کاپٹر پر نارووال سے لاہور منتقل کیا گیا۔ احسن اقبال کے صاحبزادے احمد اقبال نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ڈاکٹرز اور پروفیسرز کی مشاورت کے بعد گولی کا سکہ پیٹ سے نہیں نکالا گیا، 24 گھنٹوں تک آئی سی یو میں رکھا جائے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:وزیرِ داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ
وفاقی وزیر داخلہ نے بھی دنیا نیوز سے گفتگو میں کہا اللہ نے بچا لیا، حوصلہ بلند ہے، قوم اور اہلخانہ کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں، صحت یاب ہو کر قوم کی خدمت کیلئے حاضر ہو جاؤں گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہسپتال پہنچے اور وزیرداخلہ کی خیریت دریافت کی، صوبائی وزراء نے بھی عیادت کی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزم عابد کے خلاف تھانہ غریب شاہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ اے ایس آئی اسحاق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں اقدام قتل، دہشتگردی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل کی گئیں۔
یاد رہے احسن اقبال پر نارووال کے نواحی علاقے کنجروڑ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کے بعد حملہ ہوا، فائرنگ سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔