پیپلز پارٹی اور تحریکِ انصاف کا جلسہ ایک ہی روز ہو گا، مقام تبدیل

Last Updated On 08 May,2018 10:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جیالے اور جنون میں تصادم کے بعد پیپلز پارٹی نے جلسہ گاہ تبدیل کر دی۔ پیپلز پارٹی باغِ جناح میں جلسے کرے گی جبکہ تحریکِ انصاف گلستانِ جوہر یا لیاقت آباد میں جلسہ کرے گی۔ بارہ مئی کو دونوں جماعتیں اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گی۔

پیپلز پارٹی نے کراچی کے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی ضد چھوڑ دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے تحریکِ انصاف کو جلسے کی دعوت دے دی ہے۔ ادھر پیپلز پارٹی نے بارہ مئی کو باغِ جناح میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

دوسری جانب تحریکِ انصاف نے پیپلز پارٹی کا احسان لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ احسان تین روز پہلے کر دیتے تو ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ تحریکِ انصاف اب اپنا جلسہ الہ دین پارک سے متصل گراؤنڈ
یا لیاقت آباد فلائی اوور پر کرے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریکِ انصاف نے بارہ مئی کو ایک ہی مقام پر جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب جلسے کے لئے نئے مقامات کے تعین کے بعد دونوں جماعتوں کی جانب سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ بلاول بھٹو اور عمران خان ایک ہی دن کراچی میں پاور شو کریں گے۔

 

Advertisement