امن مشن میں شہید ہونے والے 7 پاکستانی جوانوں کیلئے ایوارڈ

Last Updated On 02 June,2018 12:29 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے زیر اہتمام عالمی امن مشنز میں خدمات سرانجام دینے کے دوران شہید 7 پاکستانی جوانوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس دن کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد ہوا جس میں امن مشن میں شہید ہونے والے 7 پاکستانی جوانوں کیلئے ایوارڈ دیئے گئے۔ یہ ایوارڈ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے وصول کئے۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کیلئے عالمی کوششوں میں کردار ادا کرتا رہے گا۔

پاک فوج کا دستہ 26 ممالک میں 44 امن مشنز میں شرکت کر چکا ہے، پاکستان کے اس وقت 6 ہزار جوان امن مشنز میں کام سرانجام دے رہے ہیں، اب تک 156 پاکستانی جوان امن مشنز میں شہید ہو چکے ہیں، پاکستانی دستہ اپنے اعلی ترین پیشہ ورانہ مہارت، عزم کے باعث قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی کانگو میں امن مشن میں حصہ لے چکے ہیں جو عالمی امن اور امن مشن کے حوالے سے زیادہ سمجھ بوجھ رکھتے ہیں۔
 

Advertisement