نیب ریفرنسز میں ایک ساتھ بیان ریکارڈ نہ کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے: خواجہ حارث

Last Updated On 07 June,2018 05:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تین نیب ریفرنسز کا فیصلہ ایک ساتھ سنانے سے متعلق نواز شریف کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔ وکیل خواجہ حارث کہتے ہیں کہ ہمیں لندن فلیٹس ریفرنس میں دفاع پہلے ظاہر کرنے پر مجبور کیا گیا۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل نواز شریف خواجہ حارث نے کہا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کا بیان تینوں ریفرنسز میں ایک ساتھ ہونا چاہیے تھا۔ ہمیں لندن فلیٹ میں دفاع پہلے ظاہر کرنے پر مجبور کیا گیا جس کے بعد واجد ضیاء العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں اپنا بیان مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔

خواجہ حارث نے کہا کہ تینوں ریفرنسز میں اثاثے بنانے کا ایک ہی الزام لگایا گیا ہے لہذا تینوں ریفرنسز میں ایک ساتھ بیان ریکارڈ نہ کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔