نمبرگیم سے ہی عمران خان وزیراعظم بن سکتے ہیں: شاہ محمود قریشی

Last Updated On 22 June,2018 02:50 pm

ملتان: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ سے مایوس ہو کر لوگ پی ٹی آئی کی طرف دیکھ رہے ہیں، الیکشن میں نمبر گیم اہم ہوتی ہے، نمبرگیم سے ہی عمران خان وزیراعظم بن سکتے ہیں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ عمران خان نے سارے عمل کو شفاف بنانے کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا، ہم نے تین اصولوں کو اپنایا، ٹکٹوں کا مرحلہ آسان نہیں ہوتا، یہ دقت آزما اور صبر آزما عمل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا الیکٹیبلز سمجھتے ہیں عوام میں پی ٹی آئی کی پذیرائی ہے، 2013ء میں حلقے خالی پڑے تھے، کوئی ٹکٹ لینے نہیں آتا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ٹکٹوں کے تحفظات صرف پی ٹی آئی تک محدود نہیں، عمران خان کا فیصلہ ہے کہ دیانتداری سے پارٹی کے مفاد میں فیصلہ کریں گے، یہ پودا عمران خان کا لگایا ہوا ہے کبھی نقصان پہنچانے کا نہیں سوچیں گے۔ انہوں نے کہا ٹکٹوں کی تقسیم دیانتداری سے کر رہے ہیں، بنی گالہ میں کارکن اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کیلئے بیٹھے ہیں، انسان عقل کل نہیں، نیک نیتی سے فیصلہ کر سکتا ہے۔