نیب ریفرنس: کسی ماہر کی رائے ہی قابل قبول شہادت ہوسکتی ہے: وکیل مریم نواز

Last Updated On 02 July,2018 02:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس میں وکیل مریم نواز نے حتمی دلائل دیتے ہوئے کہا کسی ماہر کی رائے ہی قابل قبول شہادت ہوسکتی ہے، رابرٹ ریڈلے نے نہیں بتایا ہے انکی تعلیم کیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے تیسرے روز بھی حتمی دلائل جاری ہیں۔ امجد پرویز نے کہا قانون کے مطابق متعلقہ شعبے میں مہارت والا ہی رائے دے سکتا ہے، کسی ماہر کی رائے ہی قابل قبول شہادت ہوسکتی ہے، رابرٹ ریڈلے نے کہا وہ 1976 سے اس شعبے میں کام کر رہے ہیں، انہوں نے نہیں بتایا کہ انکی تعلیم کیا ہے ؟۔

وکیل امجد پرویز نے کہا رابرٹ ریڈلے کی سی وی موجود ہونا ضروری ہے، رابرٹ ریڈلے نے بیان کے دوران وہ سی وی ریکارڈ پر نہیں رکھی، استغاثہ کو وہ سی وی ریکارڈ پر لانی چاہیئے تھی، والیم 4 میں رابرٹ ریڈلے کی سی وی موجود ہے، فونٹ کی شناخت کرنا ایک الگ مہارت ہے، رابرٹ ریڈلے نے اپنی سی وی میں یہ مہارت ظاہرنہیں کی۔