نواز شریف اور مریم نواز کا اگلے ہفتے وطن واپسی کا فیصلہ

Last Updated On 02 July,2018 09:17 am

لندن: (دنیا نیوز) ملک میں انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا۔ اگلے ایک ہفتے میں پاکستان میں ہوں گے، مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا وطن واپسی کا فیصلہ سینئر لیگی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ نواز شریف نے مختلف شہروں میں انتخابی مہم چلانے کیلئے انتظامات کی بھی ہدایت کر دی۔ لندن میں بیگم کلثوم نواز کا آج تفصیلی طبی معائنہ ہوگا اور سی ٹی اسکین بھی کیا جا ئیگا۔ منگل کو نواز شریف کی ڈاکٹرز سے تفصیلی ملاقات ہوگی اور پھر وطن واپسی کی تیاری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے جلد وطن واپسی کا فیصلہ پارٹی ورکرز اور رہنماؤں کے دباؤ پر کیا ہے، مریم نواز کی پہلے وطن واپسی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:سینیٹ الیکشن والا کھیل عام انتخابات میں بھی کھیلا جا رہا ہے، نواز شریف

یاد رہے گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا سینیٹ الیکشن والا کھیل عام انتخابات میں بھی کھیلا جا رہا ہے، تصدیق کئے بغیر کبھی کوئی بات نہیں کی، اقبال سراج سے تشدد سے متعلق حقائق کی تصدیق کی تھی۔