نوجوان متحد رہتے ہوئے تمام خطرات کو شکست دیں، آرمی چیف

Last Updated On 06 August,2018 05:03 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل قوم کا حصہ ہوتے ہوئے ملک کو درست منزل تک لے جانے میں کردار ادا کرے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) میں انٹرن شپ کرنے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، ہمارے ملک میں بہترین، ذہین اور متحرک نوجوان موجود ہیں جن پر مجھے پورا اعتماد ہے۔

پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ جنگوں کے بنیادی خدوخال بدل چکے ہیں، جدید جنگ میں دشمنوں کا ہدف نوجوان نسل ہے، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لیے نوجوان نسل کو بڑا اہم کردار ادا کرنا ہے، نوجوان متحد رہتے ہوئے تمام خطرات کو شکست دیں، نوجوان نسل قوم کا حصہ ہوتے ہوئے ملک کو درست منزل تک لے جانے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر فاٹا کے خیبر پختونخوا میں تاریخی انضمام پر نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔