عمران خان نے یقین دہانی کرا دی، کوئی این آر او نہیں ہوگا: شیخ رشید

Last Updated On 07 August,2018 06:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئی این آر او نہیں ہو گا، حسن اور حسین نواز سمیت اسحاق ڈار کو ریڈ وارنٹ کے ذریعے واپس لائیں گے۔

شیخ رشید کا کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوئی این آر او نہیں ہونے جا رہا، نواز شریف کا مستقبل آئین اور قانون ہے۔ انٹرپول کے ذریعے حسن، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو واپس لائیں گے۔ کل عمران خان سے ملاقات ہوئی، ان کا کہنا تھا کسی قیمت پر این آر او نہیں ہو گا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا تبدیلی کی بنیاد کراچی نے ڈالی ہے، پی ٹی آئی نے 25 فیصد بھی ڈلیور کر دیا تو سمجھیں کامیاب ہو گئے۔ عمران خان ان لوگوں سے رابطے میں ہیں جن کے پاس اطلاع ہوتی ہے کہ کتنے بیرونِ ملک اکاؤنٹ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے 25 سال جدوجہد کی اور فضل الرحمن نے 25 سال اقتدار انجوائے کیا، احتجاج بھی صرف اس لیے ہو رہا ہے کیونکہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ الیکشن ہار گئے ہیں، انتخابات پر اعتراض ہے تو جائیں الیکشن کمیشن کے باہر نعرے مار کر گھر چلیں جائیں۔