راولپنڈی: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ پنڈی بنچ نے حلقہ این اے 60 راولپنڈی میں الیکشن ملتوی کرنے کیخلاف شیخ رشید کی درخواست خارج کر دی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا۔
این اے 60 راولپنڈی کا الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف شیخ رشید کی درخواست مسترد، الیکشن کمیشن کا انتخاب نہ کرانے کا فیصلہ برقرار، لاہور ہائی کورٹ پنڈی بنچ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
دوران سماعت شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ منشیات کے مقدمے میں سزا پانے والے امیدوار کی وجہ سے سات لاکھ ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انتخابات کے تمام انتظامات مکمل ہیں، عدالت الیکشن کمیشن کو 25 جولائی کو شیڈول کے مطابق پولنگ کا حکم دے۔
مسلم لیگ (ن) کے وکیل سجاد اکبر عباسی نے کہا کہ حنیف عباسی کی نااہلی کے بعد ن لیگ کو متبادل امیدوار لانے کی اجازت ہونی چاہیے، نون لیگ کو ووٹ دینے کے خواہشمند ووٹرز کے پاس کوئی آپشن نہ ہونا شفاف الیکشن کے منافی ہے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے نااہل امیدوار کا نام بیلٹ پیپر پر چھپ چکا ہے، ایک دن میں نئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی ممکن نہیں ہے۔
ادھر شیخ رشید درخواست کی فوری سماعت میں تاخیر پر سپریم کورٹ بھی جا پہنچے۔ درخواست سماعت کے لیے مقرر ہونے کی خبر ملی تو واپس چلے آئے۔ کہتے ہیں حنیف عباسی کے جرم کی سزا حلقے کے ووٹرز کو نہیں ملنی چاہیے۔