لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 60 میں انتخاب ملتوی کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ فیصلے کیخلاف درخواست خارج کر دی گئی.
راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 کا انتخاب ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست ہائیکورٹ سے مسترد ہونے پرشیخ رشید نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا۔ شیخ رشید نے موقف اپنایا کہ انتخاب ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کیا، عدالت عالیہ نے قانون کو مد نظر نہیں رکھا اور درخواست مسترد کر دی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ این اے 60 راولپنڈی کے الیکشن کے تمام انتظامات مکمل تھے، سزا ہونے کی بنیاد پر امیدوار حنیف عباسی 21 جولائی کو نااہل ہو گئے، 22 جولائی کو حیران کن طور پر الیکشن کمیشن نے این اے 60 کا الیکشن موخر کر دیا اور کوئی قابل قبول وضاحت نہیں دی۔ انتخابات صرف کسی امیدوار کی وفات کی صورت میں ہی ملتوی کیے جا سکتے ہیں، این اے 60 کا الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ الیکشن ایکٹ اور آئینی آرٹیکلز کی خلاف ورزی ہے۔
شیخ رشید نے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کےانتخابات کو روکنے کا نوٹیفکیشن اور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کا درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قراردے۔