میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی کے سپیکر منتخب

Last Updated On 16 August,2018 10:13 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) میر عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان اسمبلی کا سپیکر منتخب کر لیا گیا ہے۔

سپیکر کے انتخاب کے لیے 59 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے جن میں سے عبدالقدوس بزنجو نے 39 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدِمقابل محمد نواز نے 20 ووٹ لیے، محمد نواز کا تعلق متحدہ مجلسِ عمل (ایم ایم اے) سے تھا۔

میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے 15 ویں سپیکر کا حلف اٹھایا، سبکدوش ہونے والی سپیکر راحیلہ درانی نے میر عبدالقدوس بزنجو سے سپیکر کے عہدے کا حلف لیا۔

میر عبدالقدوس بزنجو اس سے پہلے 2013ء سے 2015ء تک اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر رہے، وہ پہلی مرتبہ 2002ء کے انتخابات میں آواران سے پی ایم ایل (ق) سے رکن منتخب ہوئے تھے اور صوبائی وزیر لائیو سٹاک رہے۔

اس کے بعد وہ 2013ء کے عام انتخابات میں بھی ق لیگ کے ٹکٹ پر ہی آواران سے صوبائی رکن منتخب ہوئے۔ جنوری 2018ء میں نواب ثنا اللہ زہری کی حکومت کی برطرفی کے بعد میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے 16ویں وزیراعلیٰ بنے۔

مارچ 2018ء میں نئی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ میر عبدالقدوس بزنجو جنوری 2018ء سے جون 2018ء تک بلوچستان کے وزیر اعلیٰ رہے۔

سپیکر منتخب ہونے کے بعد اسمبلی سے اپنے خطاب میں عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کا شکر گزار ہوں، کوشش ہو گی کہ تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں، غیر جانبدار رہتے ہوئے ایوان کو چلانا ہے، کوشش رہیگی کہ ایوان کے تقدس کو پامال نہ ہونے دیا جائے۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سردار بابر موسیٰ خیل بلوچستان سمبلی کے ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے کل 58 ووٹ کاسٹ ہوئے، سردار بابر موسیٰ خیل نے 36 ووٹ حاصل کیے، ان کے مدمقابل امیدوار احمد نواز نے 21 ووٹ لیے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

بلوچستان میں وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب کے لیے نئے شیڈیول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 18 اگست کے اجلاس میں بلوچستان کے وزیرِاعلیٰ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی 17 اگست شام پانچ بجے تک اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع ہونگے۔

 

Advertisement