صدر ممنون کی بیگم کلثوم سے ملاقات، سابق خاتون اول کی دعا کی اپیل

Last Updated On 26 August,2018 11:34 pm

لندن: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت ممنون حسین نے لندن کے ہسپتال میں زیرِ علاج سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی، اس موقع پر انہوں نے صدر سے صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی۔

صدر ممنون حسین اپنی اہلیہ کے ہمراہ لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیرِ علاج سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم کی عیادت کیلئے پہنچے اور ان سے بات چیت کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں صدرِ مملکت ممنون حسین نے بتایا کہ میری بیگم کلثوم نواز سے بات ہوئی، انہوں نے صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ میں آج بھی نواز شریف کے ساتھ ہوں، میں وہیں کھڑا ہوں جہاں 1999ء میں کھڑا تھا۔

اس موقع پر سابق خاتون اول کے صاحبزادے حسین نواز نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی والدہ بیگم کلثوم نواز آئی سی یو میں ہیں، بات چیت کرتی ہیں مگر بیٹھ نہیں سکتیں۔ میری والدہ مریم نواز کا پوچھتی ہیں کہ وہ کال کیوں نہیں کرتیں۔

حسین نواز نے بتایا کہ میری میاں نواز شریف سے ٹیلی فون پر بات ہوئی، پاکستانی سِم پر کال کی اور ان سے بات ممکن ہو سکی۔ انہوں نے کہا میاں نواز شریف کو ہفتے میں ایک آدھ بار فون کرنے کی اجازت ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر کے انتخاب کا فیصلہ ن لیگ کی قیادت کرے گی، میں تبصرہ نہیں کروں گا۔