مشرف سنگین غداری کیس: 9 اکتوبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا فیصلہ

Last Updated On 10 September,2018 11:13 am

لاہور: (دنیا نیوز) خصوصی عدالت نے پرویز مشرف سنگین غداری کیس کی 9 اکتوبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ جسٹس یاور علی نے حکم دیا کہ وزارت داخلہ تحریری جواب دے سابق صدر کو کیسے پیش کیا جاسکتا ہے۔

جسٹس یاورعلی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے پرویز مشرف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔ جسٹس یاور علی نے ریمارکس دیئے کہ غداری کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچانا ہے، وزارت داخلہ تحریری جواب دے کہ پرویز مشرف کو کیسے پیش کیا جاسکتا ہے ؟ کیا پرویز مشرف کو انٹرل پول کے ذریعے ہی لایا جاسکتا ہے ؟۔

استغاثہ کی جانب سے وکیل نصیرالدین نیئر عدالت میں پیش ہوئے، پراسیکیوشن کے سربراہ اکرم شیخ نے کیس لڑنے سے معذرت کی، جسٹس یاور علی نے نصیر الدین نیئر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ پراسیکیوشن کا کردار ادا کریں۔ عدالت نے سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔