بلوچستان: وزارت کا جھگڑا کیا ہے

Last Updated On 12 September,2018 09:29 am

لاہور: (طارق عزیز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور تحریک انصاف کے صوبائی صدر یار محمد رند کے درمیان اصل جھگڑا وزارت پی اینڈ ڈی کا ہے، وزیراعلیٰ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارت اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں جبکہ یار محمد رند بلوچستان حکومت کی سب سے طاقتور وزارت کے خواہاں ہیں، مطلوبہ وزارت نہ ملنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور باپ پارٹی کیخلاف محاذ کھولا ہوا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے صوبائی صدر یار محمد رند سے ملاقات کے لئے معذرت کر لی ہے اور معاون خصوصی نعیم الحق کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ اس معاملہ کو خود ہینڈل کر لیں، بلوچستان میں حکومت سازی کے وقت تحریک انصاف کے صوبائی صدر یار محمد رند نے دو وزارتیں مانگی تھیں، خزانہ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ تاہم وزیراعلیٰ نے دونوں وزارتیں دینے سے انکار کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کا قلمدان پہلے ہی کسی اور کو سونپا جاچکا ہے جبکہ پی اینڈ ڈی کی وزارت وزیراعلیٰ نے اپنے پاس رکھی ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارت زیادہ طاقتور اور مال بنانے والی سمجھی جاتی ہے جس پر تحریک انصاف اور باپ کے درمیان جھگڑا چل رہا ہے، وزیراعلیٰ جام کمال اس بات پر بضد ہیں کہ وہ پی اینڈ ڈی وزارت یار محمد رند کو نہیں دیں گے چاہے تحریک انصاف حکومت سے الگ ہوجائےم تحریک انصاف کے پاس 5 ارکان صوبائی اسمبلی ہیں جن میں سے دو پہلے ہی اکاموڈیٹ ہوچکے ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال تحریک انصاف کے بغیر بھی حکومت چلا سکتے ہیں انہیں 65 کے ایوان میں 50 کے لگ بھگ ارکان کی حمایت حاصل ہے وہ تحریک انصاف کے مرہون منت نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ جام کمال کے حامی ہیں، اس لئے انہوں نے یار محمد رند سے ملنے سے معذرت کر لی ہے۔