بنی گالہ تجاوزات کیس، وزیراعظم کو ریگولرائزیشن فیس جمع کرانے کا حکم

Last Updated On 05 October,2018 06:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس ثاقب نثار نے بنی گالہ تجاوزات کیس میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ کی تعمیر کسی منظوری کے بغیر کی گئی، وہ اقتدار میں ہیں، سب سے پہلے ریگولرائزیشن فیس جمع کروائیں۔

وزیراعظم کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو سی ڈی اے کی جانب سے نوٹس مل چکا ہے، 15 دن کے اندر اپنا جواب جمع کروا دیں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کیا جواب جمع کروائیں گے، وہی مبہم سا نقشہ پھر پیش کر دیں گے، آپ کے موکل کی ملکیت تو بالکل ٹھیک ہے لیکن کسی ادارے سے نقشہ منظور نہیں ہوا، تعمیرات کسی منظوری کے بغیر کی گئی ہیں، آپ اقتدار میں ہیں سب سے پہلے ریگولائزیشن فیس جمع کروائیں، باقی لوگ بعد میں جمع کرائیں گے۔

راول ڈیم میں رہائشی کالونیوں کا فضلہ شامل ہونے کے حوالے سے چیف جسٹس نے کہا کہ اس سے لوگوں میں خطرناک بیماریاں پھیل رہی ہیں، عدالت کو بتایا جائے کہ سابقہ حکومت نے 4 ٹریٹمنٹ پلانٹس کے منصوبے کا کیا بنایا، اگر ٹریٹمنٹ پلانٹ نہیں لگے تو موجودہ حکومت اسے مکمل کرے۔