شریف برادران کی نیب دفتر میں ملاقات، آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت

Last Updated On 07 October,2018 10:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یہ ملاقات سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی درخواست پر کروائی گئی، ن لیگ کی قانونی ٹیم نے شہباز شریف سے ملاقات کیلئے چیئرمین نیب کو درخواست دے رکھی تھی۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف نے نیب کی تحویل میں اپنے بھائی شہباز شریف سے ملاقات کی، اس ملاقات میں سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب کے دونوں صاحبزادے سلمان اور حمزہ جبکہ ان کی اہلیہ نصرت شہباز بھی موجود تھیں۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کی قانونی ٹیم نے شہباز شریف سےملاقات کیلئے چیئرمین نیب کو درخواست دے رکھی تھی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں گرفتاری اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔

دوسری جانب سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے خاموشی توڑتے ہوئے فرنٹ فٹ پر آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف جوابی حکمت عملی کیلئے پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ن لیگی ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب سے قبل شہباز شریف کی گرفتاری ناقابل قبول ہے، پارٹی ایگزیکٹو کونسل سے کو اعتماد میں لے کر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔