شہباز شریف کو انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، غلام احمد بلور

Last Updated On 10 October,2018 06:35 pm

پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ امید ہے کہ آنے والے ضمنی الیکشن میں عام انتخابات کا عمل نہیں دہرایا جائے گا۔

پشاور کے بلور ہائوس میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں غلام بلور کا کہنا تھا کہ امید ہے ضمنی الیکشن میں عام انتخابات والا کام نہیں دہرایا جائے گا۔ شہباز شریف کی گرفتاری قابل افسوس ہے، الزام پر گرفتاری نامناسب ہے، یہ جمہوری رویہ نہیں ہے، انھیں انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، تحقیقات کریں، مجرم ثابت ہوں تو سزا دیں ورنہ رہا کریں۔

غلام بلور کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے پاکستان کو قرضہ دینے سے انکار کیا ہے۔ حکومت صرف چور پکڑنے میں مصروف ہے، چور ضرور پکڑیں لیکن مہنگائی نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف مردم شناس تھے، عمران خان کی 50 سیٹوں کی بات نہیں مانی، مشرف نے عمران خان کو صرف پی سی بی کی چیئرمین کی آفر کی تھی اور عمران خان اسی قابل تھے۔

اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کا اعلان کیا گیا لیکن عملی اقدام کچھ نہیں، بنیادی ضروریات اور سہولیات فراہم کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول نہیں کرسکی، عوام رونے پر مجبور ہیں، کرکٹ اور سیاست میں بہت فرق ہے، نواز شریف کا توڑا کشکول عمران خان اٹھا کر آئی ایم ایف کے پاس جا رہے ہیں۔
 

Advertisement