کفایت شعای مہم، مزید 55 گاڑیاں نیلامی کیلئے تیار

Last Updated On 13 October,2018 09:18 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم، دوسرے مرحلے میں مزید 55 گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔ وزیراعظم ہاؤس کی 49، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی 6 گاڑیاں نیلامی کیلئے رکھی گئی ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی 17 جبکہ قومی اسمبلی کی گاڑیوں کی نیلامی 24 اکتوبر کو ہو گی۔ گاڑیوں میں 2 بم پروف، 20 بلٹ پروف اور 27 نان بلٹ پروف گاڑیاں شامل ہیں جو کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں خریدی گئیں۔ 2016ء ماڈل کی 9 گاڑیاں بھی نیلامی میں رکھی جائیں گی۔ 15 اور 16 اکتوبر کو عوام وزیراعظم ہاؤس میں گاڑیوں کا معائنہ کر سکیں گے۔ نیلامی میں ایک موٹر سائیکل بھی شامل ہے۔

دوسرے مرحلے کیلئے ان گاڑیوں پر ایف بی آر سے ٹیکسز کو کم کروا کر نیلامی کیلئے پیش کیا جا رہا ہے۔ ایف بی آر گاڑیوں کی نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کرے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں 4 اکتوبر کو قومی اخبارات میں اشتہار بھی جاری کر دیا تھا۔