غیر قانونی بھرتیوں کیس: مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کا ریمانڈ منظور

Last Updated On 22 October,2018 01:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوانے کاحکم دے دیا۔

 لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس پر سماعت کی۔ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب نے ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر سے تفتیش مکمل کرلی اور ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔

سماعت کے دوران نیب نے ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزموں کے مزید جسمانی ریمانڈ نہ لینے کی درخواست کی، نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔ سابق وائس چانسلر کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جب تفتیش میں کچھ ثابت نہیں ہوا تو تمام ملزمان کو رہا کیا جائے۔عدالت نے نیب کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کاحکم دے دیا۔