وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کامیاب، اب چین جائیں گے: دفتر خارجہ

Last Updated On 25 October,2018 08:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا، سعودیہ نے 6.2 ارب ڈالر کا پیکج دیا، وزیراعظم عمران خان 2 سے 5 نومبر کو سرکاری دورے پر چین جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے قندھار واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی جانب سے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، افغانستان نے تاحال کوئی ٹھوس شواہد نہیں دیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے بات چیت سے گھبراتا نہیں، بات چیت کے ذریعے ہی معاملات حل کئے جا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا، سعودیہ نے 6.2 ارب ڈالر کا پیکج دیا، وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 2 سے 5 نومبر کو سرکاری دورے پر چین جائیں گے، یہ وزیراعظم کا پہلا دورہ چین ہو گا، وزیراعظم چینی صدر شی جن پنگ اور اپنے ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے اور شنگھائی میں چائن انٹرنیشنل ایکسپو میں خصوصی شرکت بھی کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان قندھار واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے، افغانستان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، افغانستان نے تاحال کوئی ٹھوس شواہد نہیں دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض فوج نے 20 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا، پاکستان کشمیر میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی شہریوں کی جانب سے پاکستانی پانیوں میں کشتی کو یرغمال بنائے جانے کا علم نہیں، چین اور بھارت کے درمیان سیکیورٹی معاہدے پر تبصرہ نہیں کریں گے، یہ دونوں ممالک کا آپسی معاملہ ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان بھارت سے بات چیت سے گھبراتا نہیں، بات چیت کے ذریعے ہی معاملات حل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا افغانستان میں دیرپا امن کے لئے کوشاں ہیں، پاکستان پر کسی ملک کی جانب سے کسی دباؤ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاکستان اپنے ملکی مفادات کی خاطر اقدامات کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا، پاکستان نے ہمیشہ پالیسی کے تحت برادر مسلم ممالک میں بہتر تعلقات کی کوشش کی ہے۔
 

Advertisement