وزیراعظم عمران خان مسلم دنیا کی بااثرترین شخصیات کی فہرست میں شامل

Last Updated On 26 October,2018 06:24 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزیراعظم عمران خان کو مسلم دنیا کی با اثرترین شخصیات کی فہرست میں شامل کرلیا گیا، عمران خان کےعلاوہ مزید تین پاکستانی بھی لسٹ میں شامل ہیں۔

اردن کے رائل اسلامک سٹریٹجک سٹڈیز سنٹر نے خدمت خلق، آرٹ اینڈ کلچر، سائنس، ٹیکنالوجی، سیاست اور مذہبی معاملات میں انتظامی صلاحیتوں سمیت مختلف 13 کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پانچ سو بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست سال 2019 جاری کردی۔
وزیراعظم عمران خان کا نام مسلم دنیا کی 50 بااثر ترین شخصیات میں شامل کرلیا گیا ہے ، فہرست میں عمران خان کا نام 29 ویں نمبر پر ہے ۔
جاری کردہ فہرست میں وزیراعظم عمران خان کے علاوہ مزید تین پاکستانی بھی شامل ہیں، جن میں جسٹس شیخ محمد تقی عثمانی ،امیرتبلیغی جماعت حاجی محمد عبد الوہاب اور مولاناطارق جمیل شامل ہیں۔
مولوی تقی عثمانی چھٹے ، حاجی عبدالوہاب 19 ویں اور مولانا طارق جمیل 40 ویں نمبر پر ہیں۔دوسری جانب مسلم حکمرانوں اور رہنماؤں کی فہرست میں عمران خان کا 15واں نمبر ہے ۔
مسلم دنیا پر سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والی شخصیات میں پہلے نمبر پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان ، دوسرے نمبر پرسعودی فرمانر واسلمان بن عبدالعزیز اور تیسرے نمبر پر اردن کے کنگ عبداللہ ہیں۔