وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب، وزیراعظم دورہ چین پر ارکان کو اعتماد میں لیں گے

Last Updated On 31 October,2018 03:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا، عمران خان دورہ چین پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیں گے، ریڈیو پاکستان بورڈ کی تنظیم نو سمیت 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کا امکان ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ساڑھے 11 بجے وزیراعظم آفس میں ہو گا، کابینہ کے اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان دورہ چین پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیں گے۔

ذرائع کے مطابق، میجر جنرل فیاض حسین شاہ کی بطور آئی جی ایف سی بلوچستان تقرر کی منظوری متوقع ہے جبکہ میجر جنرل راحت حسین احمد کا بطور آئی جی ایف سی کے پی تقرر ہو گا۔ وفاقی کابینہ ریڈیو پاکستان بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دے گی، اقوام متحدہ امن مشن کے لیے پاک چین معاہدے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے، وفاقی کابینہ چیئرمین ویج بورڈ کے استعفے کی منظوری دے گی۔

اجلاس میں آٹھویں ویج بورڈ کے چیئرمین کا تقرر بھی کیا جائے گا، کابینہ پاکستان ایل این جی ٹرمینلز کے ڈائرکٹرز کے تقرر کی منظوری دے گی، ایشیاء میں اعتماد سازی کے لیے کانفرنس کے کنونشن پر دستخط کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔
 

Advertisement